Jun ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کا نیا ریکارڈ

ہندوستان میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد کل ایک دن میں سب سے زیادہ افراد کے مبتلا ہونے کا نیا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا نےصحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے آج جمعرات کو جاری اعدادو شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے 16922 نئے معاملوں کے ساتھ کل متاثرین کی تعداد بڑھ کر 473105 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس بیماری سے 418 لوگوں کی موت کے ساتھ کُل متاثرین کی تعداد بڑھ کر 14894 ہوگئی ہے تاہم اس بیماری سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اب تک کُل 271697 مریض ٹھیک ہوچکے ہیں۔

ہندوستان میں کورونا سے سب سے زیادہ ریاست مہاراشٹرمتاثر ہے۔ مہاراشٹر میں چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار آٹھ سو نوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد ریاست میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ بیالیس ہزار نوسو ہوگئی ۔ مہاراشٹر میں چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید دوسو آٹھ مریض جان کی بازی ہار بیٹھے جس کے بعد اس ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھے ہزار سات سو انتالیس ہوگئی۔

ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں بھی کورونا کے قہر میں شدت آگئی ہے۔ دہلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار سات سو اٹھاسی نئے مریضوں کا اندراج ہوا جس کے بعد اس ریاست میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ستر ہزار تین سو نوے اور چونسٹھ نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد دو ہزار تین سو پینسٹھ ہوگئی ہے۔ ہندوستان میں کورونا سے ہونے والی اموات کے لحاظ سے ریاست گجرات تیسر ے نمبر پر ہے جہاں اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سات سو پینتس ہوگئی ہے۔

ٹیگس