ہندوستان میں کورونا سے متاثرین میں ریکارڈ اضافہ
ہندوستان میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے نئے معاملوں نے گزشتہ سبھی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ سترہ ہزار دو سو چھیانوے نئے مریض سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرین کی تعداد چار لاکھ نوے ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
وزارت صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، کورونا وائرس کے انفیکشن کے سترہ ہزار دو سو چھیانوے نئے کیسوں کے ساتھ متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر چار لاکھ نوے ہزار چار سو ایک ہوگئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وائرس کی وجہ سے چار سو سات اموات کے ساتھ اموات کی مجموعی تعداد پندرہ ہزار تین سو ایک ہوگئی ہے۔
دوسری طرف، اس بیماری سے نجات حاصل کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اسی عرصے میں، تیرہ ہزار نو سو چالیس مریض ٹھیک بھی ہوئے اورمجموعی طور پردو لاکھ پچاسی ہزار چھے سو سینتیس مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ ملک میں اس وقت کورونا انفیکشن کے ایک لاکھ نواسی ہزار چار سو ترسٹھ فعال معاملے ہیں۔
مہاراشٹرا کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی، پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے چار ہزار آٹھ سو اکتالیس کیسز اورایک سو بیانوے اموات ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ سینتالیس ہزار سات سو اکتالیس ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد چھے ہزار نو سو اکتیس ہوگئی ہے۔
دارالحکومت دہلی میں بھی کورونا کی وبا نے تباہی مچائی ہے اور انفیکشن اور اموات کے مسلسل بڑھتے ہوئے اعداد و شمار کے ساتھ ملک میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر تہتر ہزار سات سو اسی ہوگئی جبکہ تین ہزار تین سو نوے نئے کیس درج ہوئے ہیں۔ اسی عرصے میں چونسٹھ مریضوں کی ہلاکت کے بعد، مرنے والوں کی تعداد دو ہزار چار سو انتیس ہوگئی۔