Jun ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • جنوبی کشمیر میں جھڑپ ایک کمسن بچہ جاں بحق

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے جنوبی قصبے بیج بہاڑہ میں سیکورٹی فورس کے اہلکاروں اور مسلح عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں ایک نو سالہ کمسن بچہ مارا گیا ہے۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ جنوبی کشمیر کے بیج بہاڑہ قصبے میں مسلح عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورس کے ایک قافلے پر حملہ کیا جس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی - مقامی افراد کا  کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں ایک نوسالہ کمسن بچہ مارا گیا ہے - اس کمسن بچے کے مارے جانے کے بعد لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید مظاہرہ کیا جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے علاقے میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے - موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں -

دوسری جانب سی آر پی ایف کے جوان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ کمسن بچہ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ میں مارا گیا ہے - سی آر پی ایف کے ترجمان نے کہاکہ بچے کی موت مسلح عسکریت پسندوں کے ذریعے کی گئی فائرنگ میں ہوئی ہے۔ دوسری جانب جنوبی کشمیر کے ضلع پلواما میں بھی مسلح عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں اب تک دو عسکریت پسندوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔

ٹیگس