ہندوستان میں کورونا نے تباہی مچادی
ہندوستان میں کورونا وائرس کی خوفناک صورتحال کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرین کے 18 ہزار سے زیادہ نئے کیسز کی اطلاع ملی ہے ۔
ہندوستانی میڈیا نےصحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے آج منگل کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 566840 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 418 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 16893 ہوگئی ہے تاہم اس بیماری سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اب تک ہندوستان میں 334822 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ۔
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 169883 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے اور 7610 جان کی بازی ہار گئے۔
دارالحکومت دہلی میں بھی کورونا کی وبا نے تباہی مچائی ہے اورمتاثرین اور اموات کے کے لگاتاربڑھتے اعداد و شمار کے بعد اب یہ ہندوستان میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں2084 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 85161 تک پہنچ گئی ۔اسی عرصہ میں 57 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2680 ہوگئی۔
واضح رہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 4 لاکھ 12 ہزار 343 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے 5 لاکھ 8 ہزار 228 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔