ہندوستان میں کورونا مرکز میں آگ، متعدد افراد ہلاک
ہندوستان میں ایک دن میں کورونا کے مریضوں میں چونسٹھ ہزار سے زائد کا ریکارڈ اضافہ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد اکیس لاکھ سے تجاوز کرگئی ۔ دوسری جانب آندھرا پردیش کے ایک کورورنا کیئر سینٹر میں بھیانک آگے لگنے سے کم سے کم گیارہ افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اتوار کو اعلان کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چونسٹھ ہزار تین سو ننانوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد اکیس لاکھ ترپن ہزارگیارہ ہوگئی۔
یہ تیسرا دن ہے جب ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد لگاتار اکسٹھ ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ۔ ہندوستان میں جمعے کو کورونا کے مریضوں میں باسٹھ ہزار پانچ سو اڑتیس ، سنیچرکو اکسٹھ ہزار پانچ سو سینتس اور اتوار کو چونسٹھ ہزار سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ ہندوستان میں ایک دن میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی سب بڑی تعداد ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید آٹھ سو اکسٹھ مریض جان کی بازی ہار بیٹھے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تینتالیس ہزار تین سواناسی ہوگئی ۔
ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ترپن ہزار آٹھ سو اناسی کورونا کے مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد چودہ لاکھ اسّی ہزار آٹھ سو پچاسی ہوگئی ۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق اس ملک میں کورونا سے صحت یابی کی شرح اڑسٹھ اعشاریہ سات آٹھ فیصد اور موت کی شرح دو اعشاریہ صفر ایک فیصد ہے۔
دوسری طرف ہندوستان کے ایک کورونا کیئر سینٹر میں آگ لگنے سے کم سے کم گیارہ افراد ہلاک ہوگئے ۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح آندھرا پردیش کے وجے واڑہ علاقے میں میں سورنا پیلس ہوٹل میں جو رمیش اسپتال کے کورونا کیئر سینٹر کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، بھیانک آگ لگ گئی ۔
آگ لگنے کے وقت اس کورونا کیئر سینٹر میں چالیس افراد موجود تھے جن میں سے تیس کورونا کے مریض اور دس اسٹاف کے افراد تھے۔
یاد رہے کہ چند روز پہلے ریاست گجرات کے مرکزی شہر احمد آباد کے ایک کورونا اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں بھی آگ لگ گئی تھی جس میں آٹھ کورونا کے مریض جل کے ہلاک ہوگئے تھے۔