ہندوستان میں کورونا کا قہر ، سابق صدر مکھرجی بھی کورونا سے متاثر
ہندوستان میں کورونا وائرس اپنا ریکارڈ بناتا جارہا ہے اس درمیان اطلاعات ہیں کہ سابق صدر پرنب مکھرجی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں
ہندوستانی میڈیا نے خبردی ہے کہ سابق صدر پرنب مکھر جی بھی کورونا انفکیشن سےمتاثر ہوگئے ہیں - مسٹرمکھر جی نے پیر کو خود ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں کسی کام کے لئے اسپتال گیا تھا جہاں میرا کورونا ٹیسٹ ہوا جو مثـبت آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ان تمام لوگوں سے گزارش ہے جو گذشتہ ہفتے میرے رابطے میں آئے تھے وہ اپنا ٹیسٹ کرالیں اور خود کو قرنطینہ کرلیں۔
اس درمیان ہندوستان میں ایک دن میں ریکارڈ باسٹھ ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ پہلی بار ایک ہزار سے زائد افراد ایک دن میں کورونا میں ہلاک ہوئے ہیں - ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک دن میں پہلی بار سب سے زیادہ انفیکشن کے معاملے آئے ہیں اور باسٹھ ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں کورونا سے متاثریں کی تعداد بائیس لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے - ہندوستان میں کورونا سے اب تک چوالیس ہزار تین سو چھیاسی افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔