ہندوستان میں جشن آزادی، قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے
ہندوستان بھر میں چوہترواں جشن آزادی آج بڑے جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے تاہم کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے خصوصی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق جشن آزادی کی تقریبات کل رات سے ہی شروع ہو گئی تھیں۔ یوم آزادی کے موقع پر ہر طرف ہندوستانی پرچم لہرا رہے ہیں، سرکاری عمارتوں اور اہم شاہراہوں کو برقی قمقموں، پرچم اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔
اس موقع کی مرکزی تقریب دارالحکومت دہلی کے لال قلعے پر منعقد ہوئی جہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی پرچم لہرانے کے بعد قوم سے خطاب کیا۔ اس سے قبل وزیر اعظم آزادی ہند کے رہنما مہاتما گاندھی کی قبر راج گھاٹ پر گئے اور انہیں پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔
نئی دہلی کے علاوہ ملک کے تمام ریاستی مراکز میں بھی قومی پرچم کو لہرایا گیا اور قومی نغمے بجائے گئے۔
اس موقع پر ہندوستان کے دارالحکومت دہلی اور اسی طرح اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس سے قبل ہندوستان کےصدر رام ناتھ کووِند نے چوہترویں یوم آزادی کی شام، قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہیں جشن آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ آج ہمیں بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے جبکہ عالمی برادری کے سامنے سب سے بڑے چیلنج سے متحد ہو کر جد و جہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملک کے کمزور طبقے کے لئے کورونا وائرس کو ایک بڑی اور دشوار مشکل قرار دیا اور اسے مہار کرنے اور اسکے اثر کو کم کرنے کے لئے حکومتی اقدامات کا ذکر کیا۔
اسکے ساتھ انہوں پڑوسی ممالک منجملہ چین کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک نے اپنی توسیعی سرگرمیوں کو چالاکی سے انجام دینے کی ناکام کوشش کی ہے۔ مگرجارحیت کا ارادہ رکھنے والوں کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ ہمارے فوجی جوان ہر خطرے سے نمٹنے کو تیار ہیں اور وہ قومی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی جان بھی گنوا سکتے ہیں۔