کشمیرمیں تصادم، 3 عسکریت پسند اور ایک فوجی اہلکار ہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے زڈورہ نامی علاقے میں ہونے والے ایک مسلح تصادم میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور 3 عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے۔
سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلع پلوامہ کے زڈورہ میں جمعے کی رات دیر گئے شروع ہونے والے ایک مسلح تصادم میں 3عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے ۔ دفاعی ترجمان کا کہنا تھا کہ مسلح تصادم کے دوران ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں مشترکہ آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ زڈورہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 50 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں جمعے کی رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
قبل ازیں جمعے کو ضلع شوپیاں کے کلورہ نامی علاقے میں ایک مسلح تصادم کے دوران 4 عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے تھے ۔