Sep ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۰ Asia/Tehran
  • چینی فوجیوں کے ساتھ تازہ جھڑپ میں ایک ہندوستانی فوجی ہلاک

لداخ کی سرحد پر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے مابین تازہ جھڑپ میں ایک ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان ایل اے سی پر پچھلے کئی مہینوں سے کشیدگي جاری ہے اور دونوں ہی ملک ایک دوسرے پر متنازعہ علاقوں میں دراندازی کا الزام عائد کررہے ہیں۔ لداخ کی سرحد پر حالیہ تصادم کے بعد دونوں علاقائی طاقتوں کے درمیان وسیع پیمانے پر فوجی ٹکراؤ کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ پندرہ جون کو وادی گلوان میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ میں بیس ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پچھلے دو دنوں میں سرحد پر دو واقعات پیش آئے ہیں جن میں یہ پہلی موت ہے۔

ہندوستانی حکومت نے اپنے فوجی کی ہلاکت کی خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن جلاوطن تبتی رکن پارلیمنٹ نامگیال لگھیاری نے فرانسیسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ سنیچر کی رات یہ تبتی نژاد فوجی تصادم کے دوران ماراگیا تھا۔ انھوں نے فوجی کی نام اور اس کی شناخت کی طرف کوئي اشارہ نہیں کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چینی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں کئي تبتی نژاد شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا یونینگ نے بدھ کے روز کہا کہ سرحد پر ہوئي جھڑپ میں کوئی ہندوستانی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔ نئی دہلی میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے بھی ہندوستانی فوجیوں پر ایل اے سی کو عبور کرنے اور اشتعال انگیز کارروائیوں کا ارتکاب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کسی ہندوستانی فوجی کی ہلاکت کی تردید کی ہے۔

ٹیگس