کشمیر کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، رہائی کے بعد محبوبہ مفتی کا بیان
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے 14 ماہ جیل میں گزارنے کے بعد رہا ہوتے ہی کہا کہ کشمیر کے لئے جدوجہد' جاری رہے گی۔
محبوبہ مفتی نے ایک مختصر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ آرٹیکل 370 کے لئے پھر سے جدوجہد کریں گی۔
محبوبہ مفتی نے 5 اگست 2019 کو یوم سیاہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ہمیں برا لگا۔ محبوبہ نے کہا کہ ایک سال سے زائد مدت تک حراست میں رکھنے کے بعد مجھے رہا کر دیا گیا ہے، اس سیاہ دن کا سیاہ فیصلہ میرے دل اور روح پر ہر لمحہ حملہ کرتا رہا، مجھے احساس ہے کہ یہی کیفیت جموں وکشمیر کے لوگوں کی رہی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ گرفتار کئے گئے ہیں سبھی کو رہا کیا جائے۔ ہمیں پتہ ہے کہ یہ راہ آسان نہیں ہو گی لیکن ہم جدوجہد جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ پی ڈی پی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو ان کے خلاف عوامی تحفظ ایکٹ (PSA) کے تحت لگائے گئے الزامات کو واپس لئے جانے کے بعد منگل کی شب رہا کر دیا گیا۔ گزشتہ برس 5 اگست کو آرٹیکل 370 کو ہٹائے جانے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا تھا۔