Nov ۱۰, ۲۰۲۰ ۲۳:۱۸ Asia/Tehran
  • ممبئی انڈینز نے پانچویں مرتبہ آئی پی ایل جیتا، ریکارڈ بنایا

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کے فائنل میں ممبئی انڈینز نے دہلی کپیٹلز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ آئي پی ایل اپنے نام کر لیا ہے۔

دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں بغیر تماشائیوں کے کھیلے گئے فائنل میں دہلی کپیٹلز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کے ابتدائي بلے باز ناکام ثابت ہوئے اور بائيس رن پر ہی دہلی کی تین وکٹیں گر گئيں۔ اس کے بعد کپتان شریش ایر نے رشبھ پنت کے ساتھ مل کر اچھی شراکت کی اور ٹیم کا اسکور 118 تک پہنچایا۔ اس کے بعد دہلی کے بلے باز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے۔ دہلی کے کپتان ایر نے ناٹ آؤٹ 65 رنز بنائے۔ ان کی اس اننگز کی بدولت دہلی نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ ٹرینٹ بولٹ نے ممبئی انڈینز کی جانب سے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

157 رنز کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے کوئنٹن ڈی کوک کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کی شراکت میں تیز رفتاری سے 45 رنز بنائے۔ روہت شرما نے پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے  68 رنز بنائے۔ ایشان کشن نے بھی 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ ممبئی انڈیز نے اٹھارہ اعشاریہ چار اوورمیں 5 وکٹوں پر 157 رنز بنا کر آئی پی ایل کا فائنل جیت لیا۔ ممبئی انڈینزنے اس کامیابی کے ساتھ سب سے زیادہ 5 مرتبہ آئی پی ایل جیتنے کا ریکارڈ بنا لیا۔

ٹیگس