ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے، شائقین کی اسٹیڈیم میں واپسی
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے سڈنی میں کھیلا گیا جس میں کورونا وائرس کے آغاز بعد پہلی بار شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔
اسپورٹس ڈیسک کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوور میں چھے وکٹ کے نقصان پر تین سو چوہتر رن بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے آیرون فنچ اور اسٹیو اسمتھ نے سینچریاں مکمل کیں ۔ دونوں نے بالترتیب ایک سو چودہ اور ایک سو پانچ رن بنائے۔
ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے تین وکٹ جبکہ نوید سیانی اور جیسپریت بومرا اور یوزویندرہ چاہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کیے۔ بعد ازاں تین سو پچھتر رن کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ہندوستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور میانک اگروال اور شیکھر دھون اوپنگ کے لیے میدان میں اترے تاہم میانک اگر وال صرف بائیس رن بنا کر آوٹ ہوگئے۔ اسکے بعد پھر یکے بعد دیگرے تین کھلاڑی مختصر اسکور پر آوٹ ہو گئے اور ہندوستان کی ٹیم کافی دباؤ کا شکار ہوگئی ہے۔
ہندوستان کی ٹیم کے شیکھر دھون اور ہاردک پانڈیا کریز پر جمے رہے تھے اور دونوں نے بالتریب چوہتر اور نوے رن بنائے تاہم ہندوستانی بلے باز ٹارگٹ پورا کرنے میں ناکام رہے اور اس طرح آسٹریلیا نے ہندوستان کے آٹھ وکٹ گرا کر چھیاسٹھ رنوں سے میچ جیت لیا۔ ہندوستان کی ٹیم کل تین سو آٹھ رن ہی بنا سکی۔
آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان سیریز کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ میں شائقین کی دوبارہ اسٹیڈیم میں واپسی کا بھی آغاز ہوگیا ہے اور سڈنی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ون ڈے میچ میں پچاس فیصد شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے بعد بتدریج بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ بحال ہو گیا لیکن شائقین کو اسٹیڈیئم میں داخلے کی اجازت نہیں تھی۔