Dec ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو ہرایا

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آسٹریلیا نے جیت لیا۔

سیڈنی کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

 آسٹریلیا کی طرف میتھیو ویڈ اور ارون فنچ اوپننگ کرنے آئے اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کوئی بڑی شراکت نہ ہو سکی اور ارون فنچ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے تاہم میتھیو ویڈ ہندوستانی بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے جنھوں نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ترپن گیندوں پر اسی رن بنائے اور شردول ٹھاکر نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ویڈ کی بیٹنگ سے آسٹریلیا کی ٹیم کو اچھا اسکور کھڑا کرنے میں بہت مدد ملی، اسمتھ نے تئیس گیندوں میں چوبیس رن بنائے جبکہ گلین میکس ویل نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے چھتیس گیندوں پر چون رن بنائے اور آسٹریلیا کا اسکور تیزی سے آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا۔ جبکہ موئیس ہینریکس، شارٹ اور سیمس نے بالترتیب پانچ، سات اور چار رن بنائے۔

اس طرح آسٹریلیا نے ہندوستان کے سامنے بیس اوور میں ایک سو ستاسی رن کا ہدف رکھا۔ ہندوستان کی طرف سے واشنگٹن سندر نے دو، نٹراجن اور ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل لیا۔

بعد ازاں ہندوستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور راہل اور دھون اوپننگ کے لئے میدان میں اترے مگر بد قسمتی سے راہل، بغیر کوئی رن بنائے گلین کی گیند پر اس وقت آوٹ ہوگئے جب ہندوستان کا اسکور صفر تھا۔ ان کے بعد کوہلی اور دھون نے مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور ٹیم کا اسکور چوہتر پر پہنچا دیا۔

کوہلی نے ہندوستان کی جانب سے زیادہ رن بنائے، انہوں نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے پچاسی رن بنائے مگر ڈینیل کے ہاتوں کیچ ‏آوٹ ہو گئے، ان کے بعد آنے والے کھلاڑی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور ہندوستانی ٹیم مقررہ بیس اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف ایک سو چوہتر رن ہی بنا سکی۔ اس طرح یہ میچ آسٹریلیا نے بارہ رن سے جیت لیا ہے۔

البتہ ہندوستان کو تین میچوں کی سریز میں میزبان ٹیم پر دو ایک سے برتری حاصل ہے۔ ہندوستان کے ہردیک پانڈیا کو مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔

ٹیگس