Dec ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • ترمیم نہیں منسوخی، ہندوستانی کسانوں کا دو ٹوک اعلان

ہندوستان کی کسان تنظیموں نے متنازعہ زرعی قوانین میں اصلاحات کی مرکزی حکومت کی تجویز مسترد کر دی ہے۔

دہلی سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ آل انڈیا کسان سنگھرش کوآرڈینیشن کمیٹی، اے آئی کے ایس سی سی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سبھی کسان تنظیموں نے متفقہ طور پر مودی حکومت کی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔

آل انڈیا کسان سنگھرش کوآرڈینیشن کمیٹی نے مرکزی حکومت کے رویئے کو متکبرانہ اور آمرانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کا احتجاجی دھرنا اور روڈ جام جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ منگل کی شب وزیر داخلہ امت شاہ اور کسان رہنماؤں کی میٹنگ بھی بے نتیجہ رہی ہے۔ امت شاہ نے کسان رہنماؤں کے سامنے تینوں متنازعہ قوانین میں اصلاحات کی تجویز پیش کرتے ہوئے ان سے کہا تھا کہ بدھ کو سبھی کسان تنظیمیں ان تجاویز کے بارے میں غور و فکر اور صلاح و مشورہ کر کے اپنے فیصلے سے مطلع کریں۔
کسان رہنماؤں نے امت شاہ کے ساتھ ملاقات میں ہی واضح کر دیا تھا کہ کسان تینوں متنازعہ قوانین کی منسوخ کے علاوہ کسی بات پر بھی راضی نہیں ہوں گے ۔
اس درمیان رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دہلی کی سرحدوں پر کسان سردی میں شدت کے باوجود اپنا دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ مہینوں اپنا دھرنا جاری رکھنے کی تیاری کر کے آئے ہیں۔

ٹیگس