Dec ۳۱, ۲۰۲۰ ۱۴:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کے فعال کیسز میں کمی

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر نئے عیسوی سال کی تقریبات پر پابندی اور رات کے کرفیو کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

دہلی سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر ، دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اکتیس دسمبر کی رات گیارہ بجے سے پہلی جنوری کی صبح چھے بجے تک شہر میں کرفیو رہے گا۔
اس رپورٹ کے مطابق کرفیو کے دوران نئے سال کی تقریبات اور ہر قسم کے اجتماع پر پابندی رہے گی۔ اس رپورٹ کے مطابق شہر میں کسی بھی جگہ پر پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی لگادی گئی لیکن بین ریاستی آمد و رفت پر پابندی نہیں ہے۔ رپورٹ کےمطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا کے چھے سو ستتر نئے مریضوں اور اکیس اموات کا اندراج کیا گیا۔ دہلی میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد پانچ ہزار آٹھ سو اڑتیس بتائی گئی ہے۔
دوسری طرف ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پورے ملک میں کورونا کے اکیس ہزار آٹھ سو بائیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ دولاکھ چھیاسٹھ ہزار سے تجاوز کرگئی۔
اس دوران کورونا کے چھبیس ہزار ایک سو انتالیس مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد اٹھانوے لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ ہوگئی۔
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے دو سو ننانوے نئی اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ اڑتالیس ہزار سات سو اڑتیس ہوگئی۔ ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد دو لاکھ ستاون ہزار رہ گئی ہے۔
ہندوستان میں کورونا سے اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار پانچ فیصد، زیر علاج مریضوں کی شرح دو اعشاریہ پانچ ایک فیصد اور شفایابی کی شرح چھیانوے اعشاریہ صفر چار فیصد بتائی گئی ہے۔

 

ٹیگس