Jan ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں حکومت کے ساتھ کسان رہنماؤں کی منگل کی میٹنگ ملتوی

ہندوستان میں حکومت اور کسان رہنماؤں کی منگل کی میٹنگ ملتوی کردی گئی ہے ۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ تینوں نئے زرعی قوانین کی منسوخی اور فصلوں کی کمترین حمایتی قیمت کو قانون کا درجہ دینے کے، کسانوں کے مطالبے پر، انیس مئی کو حکومت اور کسانوں کے درمیان مجوزہ مذاکرات بعض وجوہات کی بنا پر ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

ہندوستانی خبر رساں اداروں نے مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ مذاکرات اب بیس جنوری کو ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی مرکزی حکومت اور کسان رہنماؤں کے درمیان اب تک مذاکرات کے نو دور انجام پاچکے ہیں جو بے نتیجہ رہے ہیں ۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے کسان پچپن دن سے دہلی کی سرحدوں پر دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ دہلی سے ملحقہ مختلف ریاستوں کی سرحدوں پر دھرنے پر بیٹھے کسانوں کی تعداد لاکھوں میں بتائی جاتی ہے۔ ہندوستان کے کسان تینوں نئے زرعی قوانین کو اپنے نقصان میں اور کارپوریٹ طبقے کے فائدے میں بتاتے ہیں ۔ کسانوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت تینوں نئے زرعی قوانین کو واپس لے اور فصلوں کی کمترین حمایتی قیمت ایم ایس پی کو قانون کا درجہ دے تاکہ ان کی فصلوں کی ایم ایس پی پر فروخت یقینی ہوجائے ۔حکومت کسانوں کی تشویش دور کرنے کے لئے نئے زرعی قوانین میں اصلاح کے لئے تیار ہے لیکن انہیں منسوخ کرنے سے اس نے یکسر انکار کردیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ تینوں قوانین کسانوں کے فائدے میں ہیں لیکن وہ حزب اختلاف کے بہکانے اور ورغلانے میں آکر ان کی مخالفت کررہے ہیں ۔ مودی حکومت کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں نئے زرعی قوانین کے تعلق سے ملک کے کسانوں کو ورغلا ر ہی ہیں ۔کسان رہنماؤں نے حکومت کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تحریک کا تعلق سیاسی جماعتوں سے نہیں ہے بلکہ وہ خود تینوں قوانین کو اپنے نقصان میں سمجھتے ہیں اس لئے یہ تحریک چلار ہے ہیں۔

ہندوستان کے کسانوں نے چھبیس جنوری، یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر ریلی نکالنے کا بھی اعلان کیا ہے جس کے خلاف حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی کہ اس ریلی پر پابندی لگائی جائے ۔ سپریم کورٹ نے حکومت کی یہ اپیل یہ کہتے ہوئے مسترد کردی ہے کہ کسی ریلی کو نکالنے دینے یا اس کو روکنے کا کام پولیس کا ہے عدالت کا نہیں ۔

ٹیگس