ہندوستان: کسانوں کی تحریک میں شدت، این سی آر میں انٹرنیٹ سروس بند
نئے زرعی قوانین کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کا احتجاج پہلے سے بھی زیادہ شدت کے ساتھ جاری ہے جبکہ ہریانہ کے بعد اب این سی آر میں بھی انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق دہلی کی سرحدوں سنگھو ٹکری اور غازی پور بارڈر پر بہت بڑی تعداد میں کسان جمع ہوگئے ہیں اور چھبیس جنوری کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر اب مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی کسانوں کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے - غازی پور بارڈر پر ہزاروں کی تعداد میں پولیس اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے سنگھو ٹکری اور غازی پور بارڈر کے آس پاس کے علاقوں میں اکتیس جنوری کی نصف شب تک انٹرنیٹ سروس منقطع کردی ہے - حکومت کا دعوی ہے کہ اس نے یہ قدم احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھایا ہے - جبکہ کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ سروس بحال کرے ۔
کسان لیڈر راکیش ٹیکت نے کہا ہے کہ مہاپنچایت کے بعد مزید ہزاروں کسان دہلی کی جانب کوچ کر رہے ہیں۔ دریں اثنا ہریانہ پنجاب اور اترپردیش میں کسان، دہلی بارڈر پر دھرنے پر بیٹھے کسانوں سے اظہاریکجتی کر رہے ہیں اور بڑی تعداد میں کسانوں نے بھوک ہڑتال بھی کی ہے۔ کسانوں سے یوم یکجہتی ہندوستان کے تحریک آزادی کے رہنما مہاتما گاندھی کی برسی پر منایا جارہا ہے۔