Feb ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
  • گلیشیئر حادثے میں مرنے والوں کے کنبوں کے لئے معاوضے کی رقم بڑھانے کا مطالبہ

ہندستان کی عام آدمی پارٹی نے چمولی حادثے میں مارے گئے لوگوں کے پسماندگان کو پچیس پچیس لاکھ روپے کا معاوضہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے جمعرات کو ایوان میں وقفہ صفر کے دوران مطالبہ کیا کہ اتراکھنڈ کے علاقے چمولی میں گلیشیئر ٹوٹنے کے حادثے میں مرنے والوں کے کنبوں کے لئے معاوضے کی رقم بڑھا کر کم سے کم پچیس پچیس لاکھ روپے کی جائے۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اترا کھنڈ کی ریاستی اور مرکزی حکومتوں نے اس حادثے میں مرنے والوں کے پسماندگان کو دو دو لاکھ کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ رقم بہت ناکافی ہے۔ انھوں نے ایوان کو بتایا کہ چمولی حادثے میں مرنے والوں کی چونتیس لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ ایک سو تہتر افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

سنجے سنگھ کا کہنا تھا کہ پن بجلی پروجکٹ کی سرنگ میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اس حادثے سے تیرہ دیہی بستیوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ 

یاد رہے کہ ہندوستان کی ریاست اترکھنڈ میں تین روز قبل گلیشیئر ٹوٹنے سے دریاؤں میں طغیانی اور وسیع تباہی آئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

ٹیگس