Feb ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں بس حادثہ، 37 ہلاک

ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی کے رام پورنایکن تھانہ علاقے میں منگل کی صبح بانساگر ڈیم منصوبے سے منسلک نہر میں بس کے گرنے سے 37 مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ سات افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔

ریوا کے ڈویژنل کمشنر راجیش جین نے  بتایا کہ حادثے کا شکار ہوئی بس کو بھی نکال لیا گیا ہے  اور مجموعی طور پر سینتیس افراد کی موت واقع ہوئی ہے جن میں سولہ خواتین بیس مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔ سات افراد شروعات میں ہی کسی طرح تیر کر نہر سے باہر آ گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ راحت رسانی کے کام تقریبا مکمل ہو گئے ہیں ۔ تاہم اس خدشے کی وجہ سے کہ کچھ مسافر نہر میں پانی کے بہاؤ سے بہہ تو نہیں گئے ہیں ، آس پاس کے علاقوں میں تلاشی کی کارروائی جاری رکھی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ضلع صدر مقام سے اسی کلومیٹر دور پیش آیا اور کچھ مسافروں کو نکال کر نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ بس صبح سیدھی سے روانہ ہوئی تھی اور ستنا جارہی تھی۔ یہ بس صبح تقریباََ آٹھ بجے چھوہیا وادی میں جام کی وجہ سے نزدیکی دوسرے راستے سے ستنا کے لئے روانہ ہوئی اور بان ساگر ڈیم پروجیکٹ کی نہر میں جا گری۔

 

ٹیگس