Mar ۰۳, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۷ Asia/Tehran
  •  ہندوستان میں پیٹرولیئم کی قیمتیں

ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بدھ کو مسلسل چوتھے روز بھی اپنی بلند ترین سطح پر مستحکم رہیں۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بدھ کو دہلی میں پیٹرول کی قیمت اکیانوے روپے سترہ پیسے اور ڈیزل کی قیمت اکیاسی روپے سینتالیس پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر برقرار رہی ۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ منگل کو دہلی اور لکھنؤ سمیت مختلف شہروں میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرے کئے تھے۔

ہندوستان میں گزشتہ کئی ہفتے سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا لیکن گزشتہ چاردن سے مذکورہ دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا لیکن ان میں کمی بھی نہیں آئی ہے اور یہ قیمتیں اپنی اعلی ترین سطح پر برقرار ہیں

یہ ایسی حالت میں ہے کہ گزشتہ دنوں رسوئی گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے سے عوام میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے۔

حکومت نے چند روز قبل مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے مطالبے کے جواب میں کہا تھا کہ قیمتوں کا تعین پیٹرولیئم کمپینوں کے اختیار میں ہے اور حکومت اس میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

حکومت نے اسی کے ساتھ پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتوں کی وجہ عالمی منڈی میں تیزی کو قرار دیا ہے لیکن حزب اختلاف نے حکومت کے اس دعوے کے مسترد کردیا ہے۔

ٹیگس