زرعی قوانین کے خلاف ایک اور ہندوستانی کسان کی خودکشی
ہندوستان میں زرعی قوانین کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ایک اور کسان نے اتوار کو خودکشی کرلی۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہریانہ کے ضلع ہسار کے رہنے والے انچاس سالہ کسان نے دہلی سے ملحقہ ٹیکری بارڈر پر زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خودکشی کرلی ہے - خبروں میں بتایا گیا ہے کہ راجبیر نامی کسان نے زرعی قوانین کے خلاف یہ اقدام احتجاج کے طور پر اٹھایا اور اس نے ایک درخت پر لٹک کر خودکشی کرلی ہے - خودکشی کرنے والے کسان نے اپنے سوسائیڈ نوٹ میں لکھا ہے کہ میری خودکشی کے ذمہ دار تین زرعی قوانین ہیں -
کسان نے جس درخت پر خودکشی ہے وہ دھرنے کے مقام سے تقریبا سات کلومیٹر دور ہے - خودکشی کرنے والے کسان نے مودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان قوانین کو واپس لے - زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کے دوران اب تک کئی کسان اپنے مطالبے کے حق میں خودکشی کرچکے ہیں جبکہ دھرنے کے مقام پر شدید ٹھنڈک کے باعث اب تک دسیوں کسان اپنی جان سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔