Mar ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست ہنگامہ

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بجٹ اجلاس کے دوسرے دن بھی حزب اختلاف کے اراکین نے زبردست ہنگامہ کیا۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح لوک سبھا کی کارروائی، جیسے ہی شروع ہوئی حزب اختلاف کے اراکین نے پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن اراکین سے ایوان کی کارروائی سکون سے چلنے دینے کی اپیل کی لیکن ان کی بات کسی نے نہیں سنی۔
اس دوران کانگریس پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے اپوزیشن اراکین کے ساتھ سوتیلا سلوک کئے جانے کی شکایت کی۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان جو مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں ٹی وی پر نہیں دکھایا جاتا۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کے ساتھ ڈیجیٹل امتیازی سلوک ہے۔ ہنگامہ بڑھنے پر اسپیکر نے کارروائی بارہ بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔
دوبارہ کارروائی پریزائیڈنگ آفیسر میناکشی لیکھی کی صدارت میں شروع ہوئی تو حزب اختلاف کے اراکین نے وقفہ سوال اور اس کے بعد وقفہ صفر کے دوران زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے کارروائی دو بجے تک کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔
پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی حزب اختلاف کے اراکین نے پیٹرولیئم کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے اور بڑھتی ہوئی منہگائی کے خلاف زبردست ہنگامہ کیا ۔ جس کی وجہ سے کارروائی کئی بار ملتوی کرنی پڑی۔

 

ٹیگس