Mar ۰۹, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کامیابی

لکھنؤ میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ ٹیم انڈیا نے جیت لیا۔

لکھنؤ سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے دوسرا ایک روزہ میچ جیت کر پانچ، ون ڈے، سیریز ایک ایک سے برابر کرلی ہے۔ جنوبی افریقہ اور ہندوستان کی خواتین کی قومی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ جنوبی افریقہ نے جیت لیا تھا۔
منگل کو لکھنؤ کے اٹل بیہاری واجپئی نیشنل اسٹیڈیم میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کی قومی کرکٹ ٹیموں کا دوسرا ون ڈے شروع ہوا تو ٹیم انڈیا، شروع سے ہی حاوی رہی۔

دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم ، اکتالیس اوور میں صرف ایک سو ستاون رن پر آؤٹ ہوگئی اور ٹیم انڈیا کو جیت کے لئے ایک سو اٹھاون رن کا ہدف دیا۔ ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے صرف اٹھائیس اعشاریہ چار اوور میں، ایک وکٹ کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کرکے سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔
ہندوستانی ٹیم کا پہلا وکٹ گرنے کے بعد اسمرتی مندھانہ کریز پر آئیں اور جارحانہ انداز میں بلے بازی شروع کردی ۔ انھوں نے پونم راوت کے ساتھ اپنی شراکت داری میں ٹیم کے اسکور میں ایک سو اڑتیس رن کا اضافہ کیا۔

اسمرتی مندھانہ، اسّی اور پونم راوت باسٹھ رن بناکے ٹاٹ آؤٹ رہیں۔ ٹیم انڈیا کی طرف سے فاسٹ بولر جھولن گوسوامی نے جنوبی افریقہ کے بیالیس رن دے کے چار وکٹ لئے۔

 

ٹیگس