Mar ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان ؛  قرآن کریم کی شان میں گستاخی ، وسیم رضوی کو سزا دئے جانے کا مطالبہ !

ہندوستان میں وسیم رضوی نام کے ایک شخص کے ذریعے قرآن کریم کی شان میں گستاخی پر ہندوستان اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے اور اس کے اہانت آمیز بیان کی سخت مذمت کی جارہی ہے -

ہندوستانی میڈیا کے مطابق وسیم رضوی نے قرآن کریم کی چھبیس آیتوں کو اس آسمانی کتاب سے نکالنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس پر ہندوستان میں شیعہ وسنی سبھی مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وسیم رضوی کے خلاف ملک میں انتشار پھیلانے اور ایک مذہب کے عقائد کو ٹھیس پہنچانے کے جرم میں کارروائی کرے ۔

ہندوستان کے سبھی شیعہ و سنی علما، تنظیموں اور اداروں نے بھی وسیم رضوی کے گستاخانہ بیان اور اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے بیان کے پیچھے گہری سازش ہے جس کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ اس درمیان ممبئی کی رضا اکیڈمی کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائرکرکے اپیل کی گئی ہے کہ عدالت وسیم رضوی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے۔

رضا اکیڈمی کے سربراہ سعید نوری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسیم رضوی کے اس توہین آمیز بیان پر پوری مسلمان قوم سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی نے اپنے بیان سے شیعہ و سنی مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن قرآن پاک کے مسئلے پر شیعہ و سنی سب متحد ہیں اور سب نے اس کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے -

دوسری جانب وسیم رضوی کے اس اہانت آمیز اقدام کے خلاف اتوار کو لکھنو میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائےگا۔ مولانا کلب جواد کی قیادت میں ہونے والے اس مظاہرے میں حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ وسیم رضوی کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے-

 

ٹیگس