Mar ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  •  دہلی دنیا کا آلودہ ترین دارالحکومت

بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے 'آئی کیو ایئر' نے نئی دہلی کو دو ہزار بیس میں مسلسل تیسرے سال بھی دنیا کا آلودہ ترین دارالحکومت قرار دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق، عالمی فضائی آلودگی پر نظر رکھنے والے ادارے آئی کیو ایئر نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا کہ نئی دہلی تیسرے سال بھی دنیا کا آلودہ ترین دارالحکومت رہا۔ آئی کیو ایئر کی دو ہزار بیس کی ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ کے مطابق، دنیا کے پچاس آلودہ ترین شہروں میں سے پینتیس شہر ہندوستان میں ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق دو ہزار بیس میں نئی دہلی میں فضائی آلودگی پی ایم دو اعشاریہ پانچ کیوبک میٹر کے حساب سے چوراسی اعشاریہ چار تھی، جو کہ بیجنگ کی سطح سے دوگنا زیادہ ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق بیجنگ دنیا میں چودھواں آلودہ ترین شہر ہے۔

حال ہی میں آئی کیو ایئر اور گرین پیس جنوب مشرقی ایشیا اینالیسز کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق نئی دہلی میں دو ہزار بیس میں فضائی آلودگی کے باعث چوّن ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ اس رپورٹ کے مطابق دو ہزار بیس میں ممبئی میں تقریبا پچیس ہزار افراد آلودگی کی وجہ سے قبل از وقت موت کا شکار ہوئے ہیں۔

گزشتہ برس کورونا وائرس کے باعث فضائی آلودگی کی شرح میں کمی کے باوجود ہندوستان ایک مرتبہ پھر بنگلہ دیش اور پاکستان کے بعد دنیا کا تیسرا آلودہ ترین ملک بن کر سامنے آیا تھا۔

ٹیگس