May ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • مودی حکومت پر دہلی ہائیکورٹ کی شدید برہمی

ہندوستان میں کورونا کے شدید طوفان کے دوران آکسیجن اور دیگر طبی سہولیات کے فقدان کے معاملے پر دہلی ہائی کورٹ نے ایک بار پھر مرکزی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے-

دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو ملک میں کورونا کے طوفان کے دوران آکسیجن اور دیگر طبی سہولیات کے فقدان کے پیش نظر مرکزی حکومت کو بری طرح پھٹکارتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگ اندھے ہوسکتے ہیں لیکن عدالت نہیں ہے -

دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت اس قدر غیر ذمہ دار کیسے ہوسکتی ہے یہ بات سمجھ سے باہر ہے -

دہلی ہائی کورٹ پچھلے کئی روز سے مسلسل آکسیجن کی قلت پر سماعت کررہا ہے - کورونا کے شدید بحران کی وجہ سے دہلی، یوپی اور ملک کے بہت سے علاقوں میں حالات انتہائی سنگین ہوگئے ہیں اور آکسیجن اور آئی سی یو بیڈ کی کمی نیز اسپتالوں کی بدانتظامی کی وجہ سے ہزاروں افراد آئے دن سڑکوں اور گھروں پر دم توڑ رہے ہیں اس درمیان گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہندوستان میں ایک بار پھر کورونا کے مزید تین لاکھ پچاس ہزار سے زائد نئے کیسزسامنے آئےہیں ۔

ہندوستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد دوکروڑ دولاکھ بیاسی ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار چار سو سے زائد کورونا کے مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔

ٹیگس