سات جون سے دہلی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان
دہلی کی حکومت نے پیر سات جون سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ کورونا کی دوسری لہر کی شدت کم ہونے کے پیش نظر آئندہ ہفتے سے لاک ڈاؤن میں نرمی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔انھوں نے بتایا کہ پیر سات جون سے دکانوں اور شاپنگ مالوں کو آڈ - ایون کے طرز پر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دہلی کے وزیر اعلی نے اسی کے ساتھ کہا کہ ضروری سامان کی دکانیں روزانہ کھلیں گی۔ انھوں نے پیر سے پچاس فیصد میٹرو سروس کھولنے کا بھی اعلان کیا۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ نجی دفاتر پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر گروپ اے کے افسران سو فیصد حاضری اور ان کے بعد کے افسران پچاس فیصد حاضری کے ساتھ کام کریں گے لیکن لازمی خدمات کے شعبے کے ملازمین سو فیصد حاضری کے ساتھ کام کریں گے۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ ماہرین ،کورونا کی تیسری لہر کی پیش گوئی کررہے ہیں بنابریں ہمیں اس کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے ۔