Jun ۰۹, ۲۰۲۱ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
  • اپوزیشن جماعت کانگریس نے کسانوں کی حمایت جاری رکھنے پر تاکید کی

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے تینوں متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

کانگریس کے سابق صدر اور مرکزی رہنما راہل گاندھی نے آج اپنے ایک بیان میں کسان تحریک کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیتوں اور ملک کی حفاظت کے لئے کسانوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں اورہمیشہ کھرے اترے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران اب تک پانچ سو سے زائد کسان اپنی شہادت کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور اپنے حقوق کے لئے کھیت سے لے کر سرحد تک لڑنے میں ماہر کسانون کو کوئی ڈرا نہیں سکتا ۔

درایں اثنا کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی حکومت سے کسانوں کے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تینوں متنازعہ زرعی قوانین ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ سرجے والا نے اپنے حقوق کی لڑائی لڑنے والے کسانوں کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کسان کو بھیک نہیں انصاف چاہئے۔ سرجے والا نے حکومت کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ تکبر کے تخت سے اتریے، اقتدار کا نشہ چھوڑ یئے اور تینوں کالے قوانین کو ختم کرنا ہی واحد راستہ ہے۔

ٹیگس