ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بدستور بے لگام
ہندوستان میں منگل کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کیا گیا۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق منگل کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ کر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔ ہندوستان کی معروف آئل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق ملک کے چار بڑے میٹرو شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل، دونوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں پیٹرول اٹھائیس پیسے کے اضافے کے ساتھ ستانوے روپے پچاس پیسے فی لیٹر اور ڈیزل چھبیس پیسے کے اضافے کے ساتھ اٹھاسی روپے تینتس پیسے فی لیٹر فروخت ہوا۔
قابل ذکر ہے دہلی میں ماہ جون کے آغاز سے اب تک پیٹرول تین روپے ستائیس پیسے فی لیٹر اور ڈیزل تین روپے آٹھ پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔
اس سے قبل مئی میں تدریجی طور پر پیٹرول تین روپے تراسی پیسے فی لیٹر اور ڈیزل چار روپے بیالیس پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا تھا۔
منگل کو ممبئی میں پیٹرول ستائیس پیسے کے اضافے کے ساتھ ایک سو تین روپے ترسٹھ پیسے فی لیٹر اور ڈیزل اٹھائیس پیسے کے اضافے کے ساتھ پچانوے روپے بہتر پیسے فی لیٹر فروخت ہوا۔
چنئی میں پیٹرول کی قیمت پچیس پیسے اضافے کے ساتھ اٹھانوے روپے پینسٹھ پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت پچیس پیسے کے اضافے کے ساتھ بانوے روپے تراسی پیسے فی لیٹر ریکارڈ کی گئی ۔
ہندوستان کے چوتھے بڑے میٹرو شہر کولکتہ میں پیٹرول کی قیمت ستانوے روپے اڑتیس پیسے اور ڈیزل کی قیمت اکیانوے روپے آٹھ پیسے فی لیٹر رہی ۔