Jun ۲۵, ۲۰۲۱ ۲۱:۱۸ Asia/Tehran
  • دفعہ تین سو ستر کی بحالی کے حق میں کشمیری رہنما کا سخت بیان

ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیرکی سابق وزیراعلی اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جب تک دفعہ تین سو ستر بحال نہیں ہوجاتی وہ الیکشن نہیں لڑیں گی۔

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ جموں کشمیر کی ہند نواز جماعتوں کے رہنماؤں کے اجلاس کے ایک دن بعد محبوبہ مفتی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ جب تک جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت اور دفعہ تین سو ستر بحال نہیں کردی جاتی اس وقت تک وہ الیکشن نہیں لڑیں گی۔ 

اجلاس میں محبوبہ مفتی خود بھی شریک تھیں. انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن میں ان کی جماعت جیت بھی جاتی ہے تو بھی وہ وزیر اعلی نہیں بنیں گی- محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم کے ذریعے جموں کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کی میٹنگ بلانے پر انہیں کوئی تعجب نہیں ہوا- ان کا کہنا تھا کہ وادی کشمیر میں لوگوں پر بہت ظلم ہو رہا ہے اور لوگ سانس نہیں لے پا رہے ہیں-

محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں کشمیر میں الیکشن کرانے سے پہلے بحالی اعتماد کے لئے کچھ اقدامات کرنے ہوں گے. انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے خطے کے لوگوں کا اعتماد ٹوٹ گیا ہے اور علاقے میں خودکشی کے بہت سے واقعات ہو چکے ہیں- ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ اچھے ماحول میں ہوئی اور ہم نے جو کچھ کہا اسے انہوں نے سنا۔

ٹیگس