آرٹیکل 370 کی بحالی کے مطالبے کو ترک نہیں کیا: عمرعبداللہ
کشمیری رہنما عمرعبداللہ نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 کو لے کر سیاسی ایجنڈا پورا کرنے میں بی جے پی کو 70 سال لگے۔
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں حال ہی میں اس ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے لوٹے جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے کہا ہے کہ انہوں نے آرٹیکل 370 کی بحالی کے مطالبے کو نہ فقط ترک نہیں کیا ہے بلکہ یہ میٹنگ جدوجہد کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو لے کر سیاسی ایجنڈا پورا کرنے میں بی جے پی کو 70 سال لگے۔ ہماری جدوجہد کا ابھی آغاز ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمرعبداللہ نے کہا کہ ہم قانونی، پرامن اور آئینی طریقے سے اپنا کام کریں گے۔ ہم بردباری سے لڑ رہے ہیں. اسے سپریم کورٹ میں لڑا جا رہا ہے، جہاں ہمارے پاس سب سے زیادہ موقع ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے کہا، ہمارے دو بنیادی مقاصد ہیں پہلا یہ جاننا کہ ہندوستانی حکومت کے دماغ میں کیا چل رہا ہے اور آگے کا روڈ میپ کیا ہے۔ دوسرا ہم اپنی بات کو بھی رکھنا چاہتے تھے۔
نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو جو بھی کہا ہے وہ سری نگر میں کہی گئی باتوں سے الگ نہیں ہے۔ تب ہم نے کہا تھا کہ انہوں نے جو بھی کیا وہ غلط تھا اور بڑی آبادی اس سے خوش نہیں ہے۔