Jun ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • بی جے پی کسانوں کو ستا رہی ہے، ہم لڑائی میں کسانوں کے ساتھ ہیں: کانگریس

ہندوستان کی حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے بی جے پی حکومت پر کسانوں کے حقوق پامال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے سنیچر کو نئی دہلی میں ایک بیان میں مودی حکومت کو کسان مخالف قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت گزشتہ سات سال سے، کسانوں کی سرکوبی اور ان کے حقوق پامال کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کبھی کسانوں پر لاٹھی برساتی ہے، کبھی آنسوگیس چھوڑتی ہے اور کبھی ان کے راستے میں کیل کانٹے بچھاتی ہے۔ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کے کسانوں کو سڑکوں پر سونے پر مجبور کر دیا ہے اور انہیں کبھی دہشت گردی تو کبھی خالصتانی کہتی ہے۔
کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارج نے کہا کہ ان کی پارٹی، کسانوں کے مظاہرے اور ان کی تحریک کی حمایت کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سات مہینے سے کسانوں کو پریشان کر رہی ہے اور ان کی تحریک کو ناکام بنانے کے لئے طرح طرح کی سازشیں کرتی ہے۔

سرجے والا نے کہا کہ کانگریس پارٹی اپنے حقوق کی بحالی کے لئے ہر لڑائی میں ملک کے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ٹیگس