Jul ۱۴, ۲۰۲۱ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • لاپرواہی ہوئی تو ملک میں کورونا کی تیسری لہر آ سکتی ہے: ہندوستانی وزیر اعظم

کورونا وبا کی تیسری لہر خود سے دستک نہیں دے گی بلکہ لاپروائی اور سُستی اس کا سبب بن سکتی ہے، یہ بات ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہی۔

یو این آئی کے مطابق ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کووڈ-انیس کی صورتحال پر شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے اعلی سے بات چیت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے وبائی امراض کے خلاف جنگ اور ریاستوں کے دشوار گزار خطے کے باوجود جانچ ، علاج اور ویکسینیشن کے لئے انفراسٹرکچر بنانے کے لئے عوام ، صحت کارکنوں اور شمال مشرق کی حکومتوں کو سراہا۔

وزیر اعظم نے کچھ اضلاع میں کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش ظاہر کی اور ان پر خاص نظر رکھنےاور کووڈ سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے صورتحال سے نمٹنے کے لئے مائیکرو کنٹینمنٹ پروٹوکول کے استعمال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے گذشتہ ڈیڑھ برسوں میں اس سلسلے میں حاصل شدہ تجربات اور بہترین طریقہ کارکی نشاندہی کرکے اس کا بھر پور استعمال کرنے کی بھی تلقین کی۔

وائرس کی تیز رفتار اور تغیر پذیر نوعیت کا ذکر کرتے ہوئے، ہندوستانی وزیر اعظم نے تبدیلیوں کی سخت نگرانی کرنے اور اس کی نئی شکل پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا۔

خیال رہے کہ ہندوستان کی بی جے پی حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کورونا کی روک تھام اور ویکسینیشن کے حوالے سے سخت تنقیدوں کا سامنا ہے۔ اپوزیشن منجملہ کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کورونا اور اسکے ویکسین کے اعداد و شمار کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔

ٹیگس