نریندر مودی سے شرد پوار کی ملاقات کا پس منظر
نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار کی ملاقات سے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔
سنیچر کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ اور ہندوستان کے کہنہ مشق سیاستداں شرد پوار نے نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی رہائشگاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور بعض دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اس ملاقات کی خبر نئی دہلی میں وزیر اعظم کے دفتر نے دی ہے۔ پرائم منسٹر ہاؤس نے اس ملاقات کے بارے میں ٹوئٹ میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
ہندوستانی پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل ہونے والی اس ملاقات میں ہندوستان کے سیاسی گلیاروں میں قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات کے بعد خاص طور پر ریاست مہاراشٹر کے سیاسی حلقوں میں کافی ہلچل پائی جاتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں انجام پائی ہے کہ مہاراشٹر کی مخلوط حکومت کے حلیفوں کے درمیان اختلاف کی خبریں گشت کر رہی ہیں۔