Aug ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی کا احتجاج جاری، اس بار سائیکل سے پارلیمنٹ پہونچے

ہندوستان کی حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی منگل کو حزب اختلاف کے دیگر اراکین کے ہمراہ سائیکل سے پارلیمنٹ پہنچے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ منگل کو کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین پارلیمان کو صبح کے ناشتے کی دعوت دی۔

ان کی ناشتے کی دعوت میں ڈی ایم کے، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، شیوسینا، راشٹریہ جنتال دل، سماج وادی پارٹی، ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی مارکسوادی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، انڈین یونین مسلم لیگ، آرایس پی، کے سی ایم، جے ایم اے ، نیشنل کانفرنس اور ترنمول کانگریس کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ناشتے پر میٹنگ کے بعد، سبھی اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ، راہل گاندھی کی معیت میں سائیکل پر پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب روانہ ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمپلیکس میں سائیکلیں کھڑی ہوگئیں۔

ان سائیکلوں کے آگے گیس سلنڈروں، پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لینے کے مطالبات درج تھے۔
یاد رہے کہ کانگریسی رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اس سے پہلے  ملک کے کسانوں کی تحریک کی حمایت میں ٹریکٹر سے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔

ٹیگس