Aug ۱۴, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۶ Asia/Tehran
  • ٹوئٹر غیرجانبدار پلیٖٹ فارم نہیں: راہل گاندھی

ٹوئٹر نے ہندوستان میں کانگریس صدر راہل گاندھی اور پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا کے اکاؤنٹ بحال کردیئے ہیں۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی نے کانگریسی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ کانگریسی رہنما راہل گاندھی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ایک ہفتے کے بعد بحال کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے قومی دارالحکومت دہلی میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنائی جانے والی ایک کمسن دلت بچی کے گھروالوں سے اپنی ملاقات کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کی تھیں۔

اسی کے ساتھ کانگریس پارٹی کے بعض دیگر رہنماؤں نے بھی یہ تصاویر شیئر کیں جس کے بعد ٹوئٹر نے راہل گاندھی سمیت تیئس کانگریسی رہنماؤں اور پارٹی کے سات اکاؤنٹ منجمد کر دیئے تھے۔ راہل گاندھی نے جمعے کو ٹوئٹر کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی سیاست میں مداخلت قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹوئیٹر نے مرکزی حکومت کے کہنے پر ان کے اکاؤنٹ منجمد کئے ہیں۔ راہل گاندھی نے اسی کے ساتھ یوٹیوب پر "ٹوئٹر کا خطرناک کھیل" کے زیر عنوان ایک ویڈیو جاری کرکے کہا تھا کہ ٹوئٹر غیر جانبدار پلیٹ فارم نہیں ہے بلکہ مودی حکومت کا وفادار ہے۔

یو این آئی کے مطابق ٹوئٹر نے راہل گاندھی کے ساتھ ہی پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا کا اکاؤنٹ بھی بحال کردیا ہے۔

ٹیگس