ہندوستان میں کوکنگ گیس کی قیمت میں اضافہ
ہندوستان میں کوکنگ گیس کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن لمیٹیڈ نے کوکنگ گیس کی قیمت میں پچیس روپے پچاس پیسے فی سلنڈر اضافہ کردیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق بدھ کو بغیر سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت، قومی دارالحکومت دہلی اور ممبئی میں پچیس روپے پچاس پیسے کے اضافے کے ساتھ آٹھ سو چونتیس روپے پانچ پیسے فی سلنڈر، کولکتہ میں آٹھ سو اکسٹھ روپے اور چنئی میں آٹھ سو پچاس روپے پانچ پیسے فی سلنڈر ریکارڈ کی گئی ۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں بغیر سبسیڈی والے کوکنگ گیس سلنڈر کی قیمت میں رواں سال میں یہ دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل مارچ میں پچیس روپے فی سلنڈر اضافہ کیا گیا تھا اور اپریل میں اس کی قیمت میں دس روپے فی سلنڈر کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
ہندوستان کی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے بین الاقوامی منڈیوں میں گیس کے مہنگا ہونے کو کوکنگ گیس کی قیمت میں تازہ اضافے کی وجہ قرار دیا ہے۔