Aug ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ہندوستانی سپریم کورٹ نے نوٹیفیکیشن پر روک لگانے کی اپیل مسترد کر دی

ہندوستانی سپریم کورٹ نے پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی انکوائری کے لئے مغربی بنگال کی حکومت کے نوٹیفیکیشن پر روک لگانے کی اپیل مسترد کردی ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے مغربی بنگال کی حکومت کے نوٹیفیکیشن پر عبوری روک لگانے کی اپیل پر سپریم کورٹ نے بدھ کو سماعت کی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے سالسٹر جنرل تشار مہتا نے اپیل کی وکالت کرتے ہوئے ، مغربی بنگال کی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کو غیر آئینی قرار دیا اور اس پر روک لگانے کا مطالبہ کیا۔
چیف جسٹس این وی رمن، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس انیردھ بوس پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے گلوبل فاؤنڈیشن پیبلک ٹرسٹ کے وکیل سوربھ مشرا کے دلائل سننے کے بعد نوٹیفیکیشن پر عبوری روک لگانے کی اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے اسی کے ساتھ عرضی کے فریقوں، مرکزی حکومت اور الیکٹرانک اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے اس عرضی کو بھی پیگاسس جاسوسی اسکینڈل سے متعلق دیگر عرضیوں کے ساتھ فہرست بند کردیا اور کہا کہ ان سبھی عرضیوں پر ایک ساتھ سماعت ہوگی ۔
یاد رہے کہ مغربی بنگال کی حکومت نے گزشتہ پیر کو پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی تحقیق کے لئے سپریم کورٹ کے سابق جج ، جسٹس مدن بی لوکرکی صدارت میں ایک تفتیشی کمیشن تشکیل دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا تھا۔ اس کمیشن میں کولکتہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جیوتیمر بھٹاچاریہ بھی شامل ہیں۔

 

ٹیگس