ہندوستانی وزیرخارجہ کی اپنے برطانوی ہم منصب سے ملاقات، افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال
ہندوستان کے وزیر خارجہ نے نیویارک میں اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر افغانستان کی صورتحال پر منعقدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک گئے ہیں۔ انھوں نے جمعرات کو اجلاس سے قبل اپنے برطانوی ہم منصب ڈومنک راب کے ساتھ ملاقات میں افغانستان کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اس ملاقات کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ برطانوی ہم منصب کے ساتھ افغانستان کے حالات اور درپیش مسائل پر ان کی بات چیت بہت اچھی رہی ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈومنک راب نے بھی ٹوئٹ کیا ہے کہ انھوں نے اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر کے ساتھ افغانستان کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ انھوں نے کہا ہے کہ برطانیہ اور ہندوستان مشترکہ سیکورٹی خطرات سے نمٹنے اور افغان پناہ گزینوں نیز افغان شہریوں کی مدد کے لئے مل کے کام کریں گے۔