Sep ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • ہندوستانی سپریم کورٹ میں پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی سماعت

ہندوستانی سپریم کورٹ میں پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی سماعت تیرہ ستمبر تک کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق عدالت عظمی میں منگل کو پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی عدالت کی نگرانی میں خصوصی تحقیقات کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں تین رکنی ڈیویژن بینچ نے مرکزی حکومت کی جانب سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا کی درخواست پر سماعت تیرہ ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ منگل کی سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ انہیں اضافی حلف نامے کے لئے کچھ اور وقت درکار ہے کیونکہ وہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے متعلقہ افسران سے نہیں مل سکے ہیں۔پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی عدالتی تحقیقات کے لئے درخواست دہندگان کے وکیل، سینیئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے مسٹر تشار مہتا کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا تو عدالت نے تیرہ ستمبر تک سماعت ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ۔

یاد رہے کہ ہندوستان کے متعدد صحافیوں ، وکیلوں، ایڈیٹرز گلڈ اور مختلف سماجی کارکنوں نے پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی عدالت کی نگرانی میں خصوصی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دے رکھی ہے۔ ہندوستان میں اسرائیلی جاسوسی ایپ پیگاسس کے ذریعے اپوزیشن رہنماؤں، مختلف اعلی رتبہ حکام اور بعض ججوں کی جاسوسی کا مسئلہ سامنے آنے کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی کافی ہنگامہ ہوا تھا اور اپوزیشن نے حکومت پر اپنے مخالفین کی جاسوسی کرانے کا الزام لگایا تھا۔

ٹیگس