Sep ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • اردو کا کردار اجاگر کرنے کے لئے قومی اردو سائنس کانگریس کا انعقاد

کشمیریونیورسٹی میں دسویں قومی اردو سائنس کانگریس میں اردو میں سائنسی موضوعات کی مقبولیت میں صحافت کے بنیادی کردار پر زور دیا گیا۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے تعاون سے منعقدہ دسویں قومی اردو سائنس کانگریس میں سائنسی علوم کا عام فہم اردو ترجمہ کئے جانے کے علاوہ اردو اخبارات، روایتی اور جدید ابلاغیاتی اداروں کے ذریعے اس کی ترویج کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مختلف دانشوروں، اساتذہ اور معروف صحافیوں نے بھی کانگریس سے خطاب کیا۔ کانگریس سے خطاب میں آجکل اور روزگار سماچار کے اعزازی مدیر حسن ضیاء نے کہا کہ اردو صحافت کے تعاون کے بغیر اردو میں سائنس کو مقبول عام بنانا ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ درس گاہیں اور اساتذہ اکیلے اس مہم کو کامیاب نہیں بناسکتے بلکہ صحافیوں کو بھی اس مہم میں حصہ لینا ہوگا۔
انھوں نے تجویز پیش کی کہ خالص سائنسی جرائد، سائنس کی دنیا، ماہنامہ سائنس، اور ماہنامہ تجسس کے علاوہ دیگر رسائل، اردو اخبارات، ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیاکو بھی اس مہم میں شامل کئے جانے کی ضرورت ہے۔
اس کانگریس میں سائنسی ماہنامے، تجسس کی مدیرہ عرفانہ بیگم، اور سائنس کی دنیا کے مدیر حسن جاوید خان نے بھی اردو زبان میں سائنسی مضامین کے فروغ میں صحافتی دنیا کے تعاون پر زور دیا۔

ٹیگس