دنیا کا سب سے بڑا اردو جشن "جشنِ ریختہ" کا آغاز، جشن کے دس سال مکمل
دنیا کا سب سے بڑا اردو جشن "جشنِ ریختہ" آج سے دہلی میں شروع ہو رہا ہے جو تین دن تک جاری رہے گا۔
سحرنیوز/ہندوستان: اطلاعات کے مطابق دنیا والوں کو اردو سے جوڑنے اور نئی نسل کو اردو سے ہم آہنگ کرنے والا سہ روزہ اجتماع "جشنِ ریختہ" آج سے ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے بانسیرا پارک میں شروع ہو رہا ہے۔ "جشنِ ریختہ" اس سال اپنی دسویں سالگرہ بھی منا رہا ہے۔ اس سال "جشن ریختہ" میں 300 سے زیادہ فنکار حصہ لے رہے ہیں۔
اردو کی یہ شاندار تقریب ملکی اور بیرونِ ملک کے معروف شاعروں، ادیبوں، موسیقاروں اور ثقافت سے وابستہ شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر لاتی ہے جہاں ناظرین رنگارنگ پروگراموں، گلوکاری و موسیقی، تھیٹر، داستان گوئی، شعری نشستوں اور ادبی گفتگو سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
یہ جشن اردو کی لازوال خوب صورتی، اس کے ورثے، شاعری، موسیقی اور فنون کو دنیا بھر کے فن کاروں اور ادب نواز دوستوں کے ساتھ ایک عظیم خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔
سنہ 2015 میں ایک چھوٹی سی کاوش کے طور پر شروع ہونے والا "جشن ریختہ" آج دنیا کی سب سے بڑی عالمی اردو تحریک میں تبدیل ہوچکا ہے اور بڑی شان و شوکت کے ساتھ اپنی دسویں سالگرہ منا رہا ہے۔
"جشن ریختہ" کا انعقاد دُبئی میں بھی ہوگا جو 14 فروری سنہ 2026 کو شروع ہوگا اور دو دن تک جاری رہے گا۔
ریختہ فاؤنڈیشن کے بانی سنجیو سراف نے جشن کے سلسلے میں کہا کہ ’’گزشتہ 10 برسوں میں جشن ریختہ عوام کا تہواربن چکا ہے، اردوکوچاہنے والوں کی محبت نے اسے وہ مقام دیا ہے، جہاں یہ صرف بڑا نہیں ہوا، بلکہ اپنے روحانی اورتہذیبی اثر میں بھی بڑھا ہے۔‘‘
؏ تیری محفل کو خدا رکھے ابد تک قائم
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok