بی جے پی حکومت حقوق پامال کر رہی ہے: کانگریس پارٹی
کانگریس پارٹی نے بی جے پی حکومت پر کورونا مہلوکین کے اہل خانہ کے حقوق پامال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے اُس پر یہ الزام لگایا ہے کہ وہ کورونا سے بدحال ہو چکے خاندانوں کے حقوق اداکرنے اور انکی مدد کرنے کے بجائے انکو مزید نقصان پہنچا رہی ہے۔
کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کورونا سے متاثرہ خاندانوں کے تئیں اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے اور وہ خاندان جو اس وبائی امراض کی وجہ سے تزلزل کا شکار ہو گئے ہیں ، ان کے ساتھ انصاف کرنے کے بجائے وہ انکے حقوق چھین رہی ہے۔
کانگریس نے اپنے آفیشل پیج پر ٹویٹ کیا اور کہا کہ لاکھوں خاندان کورونا کی وجہ سے برباد ہو چکے ہیں اور ان کی مدد کرنے کے بجائے حکومت ان کے واجب الادا پیسے بھی ادا نہیں کر رہی ہے۔کانگریس نے دعوا کیا کہ اُس کے لیے ملک کا ہر فرد ایک خاندان کا رکن ہے، اس لیے خاندان کے افراد کے درد کو سمجھتے ہوئے وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت سے مطالبہ کررہی ہے کہ وہ ان لوگوں کے خاندانوں کو انصاف فراہم کرے جنہوں نے کورونا کی وجہ سے اپنی جانیں گنوائیں۔
ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بی جے پی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا سے مرنے والوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دے اور سیاسی مفاد سے ہٹ کر ملکی مفادات کے لئے کام کرے۔