ہندوستان-چین کے درمیان مذاکرات ناکام، سرحد پر چینی فوج کے ٹینک روانہ
چین اور ہندوستان کے فوجی حکام کے مابین لداخ میں سرحدی تنازعہ کو لے کر 17 مہینے سے جاری کشیدگی کو ختم کرنے سے متعلق مذاکرات ناکام ہو گئے، جسکے بعد میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق، چینی فوج نے ہندوستان سے ملے سرحدی علاقوں میں ٹینک روانہ کئے ہیں۔
چین کے سرکاری ٹی وی چینل سی سی ٹی وی کے مطابق، دونوں ملکوں کے فوجی کمانڈروں کے درمیان تیرہویں دور کے مذاکرات ناکام ہوگئے اور طرفین ایک دوسرے پر مذاکرات کے عمل میں رخنہ ڈالنے کا الزام لگا رہے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ سی سی ٹی وی کی تصویروں میں لداخ میں ہندوستانی سرحد کے نزدیک چینی ٹینک مشق کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ہندوستان-چین کے فوجیوں کے درمیان پچھلے سال مئی میں پینگانگ سو جھیل کے علاقے میں جھڑپ کے بعد کشیدگی شروع ہوئی اور دونوں طرف کی فوج نے دسیوں ہزار کی تعداد میں فوجی اس علاقے میں تعینات کئے۔ اس وقت لائن آف کنٹرول پر دونوں ملکوں کے تقریبا 50 سے 60 ہزار فوجی موجود ہیں۔