Oct ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
  • لکھیم پور کے ہلاک ہونے والے کسانوں کے لئے پورے ہندوستان میں دعائیہ پروگرام

ریاست اترپردیش کے ضلع لکھیم پور میں ایک مرکزی وزیر کی گاڑی سے ہلاک ہونے والے کسانوں کی یاد میں پورے ملک میں کسانوں نے دعائیہ جلسے اور اجتماعات منعقد کئے اور ملزموں کی گرفتاری اور مرکزی وزیر کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

لکھنو سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ لکھیم پور میں اس مقام کے قریب جہاں کسانوں کو مبینہ طور پر گاڑی سے کچل کر مار ڈالا گیا تھا مختلف ریاستوں سے کسان لیڈر اور عام شہری پہنچے ہیں جبکہ کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی وہاں پہنچ کر دعائیہ پروگرام میں شرکت کی اور مرنے والے کسانوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا-

کسانوں نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ اسٹیج پر کسی بھی پارٹی کے سیاسی لیڈر کو جگہ نہیں دیں گے اس لئے پرینکا گاندھی اسٹیج کے نیچے ہی بیٹھی رہیں-

کسانوں نے منگل کو پورے ملک میں مارے گئے کسانوں کے لئے تعزیتی جلسے اور دعائیہ پروگرام کا اہتمام کیا ہے - لکھیم پور میں دیگر ریاستوں سے کسانوں اور سیاسی لیڈروں کے پہنچنے کے پیش نظر ریاست اترپردیش کی حکومت نے بیس اضلاع میں الرٹ جاری کر رکھا ہے - اس موقع پر کسانوں نے ایک بار پھر سانحے کے ملزموں کو سخت سے ‎سزا دیے جانے اور مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ امور کے استعفے کا مطالبہ کیا- اپوزیشن بھی مرکزی وزیر کے استعفے کے مطالبے پر اڑی ہوئی ہے۔

ٹیگس