کشمیرمیں خونریز تصادم، 2 فوجی اہلکار ہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کےمینڈھر پونچھ میں عسکریت پسندوں کیساتھ ایک اور خونریز تصادم میں فوجی افسر اور ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک اہلکار شدید طور پر زخمی ہوا۔
گزشتہ 4 روز کے دوران اس علاقے میں یہ دوسری معرکہ آرائی ہے جس میں اب تک 2 آفیسر اور 5 اہلکار ہلاک اور 2 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ تازہ تصادم میں ایک اور جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور ایک فوجی اہلکار مارے گئے۔
11اکتوبر کوڈھیرا کی گلی پونچھ میں مغل روڑ کے کنارے چمراڑ کے گھنے جنگل میں تلاشی آپریشن کے دوران 48 آر آر کی ایک تلاشی پارٹی پر عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے گھات لگا کر حملہ کیا جس میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر دیگر 4 اہلکاروں سمیت ہلاک ہوا جبکہ ایک اہلکار شدید طور پر زخمی ہوا۔ اس واقعہ کے بعد اس پورے جنگلاتی علاقے اور پہاڑی سلسلے کو گھیرے میں لیکر وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جو پچھلے 4 روز سے جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق جمعرات کو ڈھیرا کی گلی سے 3 گھنٹے کی مسافت پر واقع جموں پونچھ شاہراہ پر مینڈھر کے بھٹہ دھوڑیاں جنگل میں ایک بار پھرتازہ تصادم ہوا جس میں ایک اور جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک اہلکار شدید زخمی ہوا۔اس واقعہ کے بعد جموں پونچھ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل کردی گئی ہے۔