کسانوں کے مطالبات پورے کئےجائیں : کیجری وال
دہلی کے وزیر اعلا نے ہندوستانی کسانوں کے مطالبات پورے کئےجانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق دہلی کے وزیر اعلا اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کو ضد چھوڑ کے کسانوں کے مطالبات کو تسلیم کرلینا چاہئے۔
انھوں نے ہریانہ کے بہادر گڑھ علاقے میں ایک ٹرک سے کچل کے احتجاجی خواتین کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔
دہلی کے وزیر اعلا اروند کیجریوال نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اپنی ضد ترک کردے اور کسانوں کے مطالبات مان لے تو کسانوں کو اس طرح سڑکوں پر بیٹھنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور پھر اس طرح کے المناک واقعات رونما نہیں ہوں گے ۔یاد رہے ریاست ہریانہ کے علاقے بہادر گڑھ میں
دھرنے پر بیٹھی تین کسان خواتین ایک تیز رفتار ٹرک سے کچل کے ہلاک ہوگئی ہیں ۔اس حادثے میں تین دیگر احتجاجی خواتین زخمی ہوئی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ہندوستان کے کسان تقریبا ایک سال سے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج اور مظاہرے کررہے ہیں ۔