مفت راشن اسکیم میں مزید توسیع کے لئے دہلی ریاستی حکومت کا فیصلہ، مرکزی حکومت کا انکار
دہلی میں ریاستی حکومت کی جانب سے مفت راشن اسکیم میں مزید چھے مہینے کی توسیع کردی گئی ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ چونکہ مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے اس لئے مفت راشن اسکیم کو مزید چھے مہینے کے لئے بڑھایا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی ملنا بھی مشکل ہوگیا ہے جبکہ کورونا کی وجہ سے بہت بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلی نے کہا کہ ان حالات کو دیکھتے ہوئے دہلی کی ریاستی حکومت نے غریبوں کے لئے مفت راشن فراہم کرنے کی اسکیم میں چھے مہینے کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
انھوں نے اسی کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی مطالبہ کیا کہ غریبوں کو مفت راشن دینے کی مرکزی حکومت کی اسکیم بھی چھے مہینے کے لئے بڑھادی جائے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کی ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ مرکزی حکومت کی جانب سے پردھان منتری غریب کلیان یوجنا یا وزیر اعظم رفاہی و ترقیاتی اسکیم کے تحت مفت راشن کی تقسیم کو تیس نومبر کے بعد بڑھانے سے انکار کے بعد کیا ہے۔