ہندوستان: لکھیم پور کھیری قتل کیس کی سماعت
سپریم کورٹ لکھیم پور کھیری قتل کیس کی سماعت آج کرے گا۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں اس بنچ نے 26 اکتوبر کو اس معاملے کی سماعت کی تھی۔ اس دوران بنچ نے اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو معاملے کی تحقیقات میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر سرزنش کی تھی ۔ عدالت نے گواہوں کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سی آر پی سی کی دفعہ 164 کے تحت بیانات کو تیزی سے ریکارڈ کرانے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ 3 اکتوبر کو اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں احتجاج کرنے والے 4 کسانوں سمیت آٹھ افراد مارے گئے تھے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا اس معاملے میں ملزموں میں شامل ہیں۔ پولیس نے آشیش سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ تاہم آشیش نے اس کار میں موجود ہونے سے انکار کیاہے۔ ایک کار ڈرائیور اور ایک مقامی صحافی سمیت چار دیگر افراد تشدد میں مارے گئے جو چار مشتعل کسانوں کو کار سے کچلنے کے بعد پھوٹ پڑاتھا۔ پرتشدد ہجوم نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔