Dec ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • سونیا گاندھی کا کسانوں کے مطالبات ہر فورم پر سنجیدگی سے اٹھانے کا اعلان

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کسانوں کے مطالبات کو ہر فورم پر سنجیدگی سے اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے سینٹرل ہال میں کانگریس پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئےکانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کے مسئلے پر سنجیدہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کے ہر مسئلے پر ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مطالبے کے لئے سڑک سے پارلیمنٹ تک ہرجگہ لڑے گی۔

مسز گاندھی نے کہا کہ کسان اپنے مطالبات کے حق میں تیرہ مہینے سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت نے تینوں زرعی قوانین کو واپس تو لے لیا لیکن کسانوں کی بات نہیں سنی ۔انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے جاری احتجاج کے دوران سات سو سے زائد کسانوں کی موت ہو چکی ہے لیکن حکومت کسانوں کے تئیں بے حس ہے اور ان کی ایک بھی بات نہیں سن رہی ہے۔

کانگریس صدرنے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں کے حقوق کے لیے مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور زرعی پیداواروں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر ان کی لڑائی لڑتی رہے گی تاکہ انہیں فصلوں کی مناسب قیمت ملے اور دیگر مسائل حل ہوسکیں ۔

ٹیگس